ٹی آر ایس حکومت کرپشن میں غرق : ناگم جناردھن ریڈی

   

Ferty9 Clinic

ٹنڈرس میں بے قاعدگیوں کو ثابت کرنے تیار، کرپشن پر کُل جماعتی اجلاس کا مطالبہ

حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے کے سی آر حکومت کو کرپشن میں غرق حکومت قرار دیا اورکہا کہ چیف منسٹر سے لیکر وزراء اور ہر سطح پر کرپشن اور کمیشن کا دور دورہ ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناگم جناردھن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر محکمہ جات پنچایت راج، بلدی نظم و نسق اور ریونیو میں کرپشن کو ختم کرنے کے اقدامات کا دعویٰ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ تینوں محکمہ جات میں کرپشن عام ہوچکا ہے۔ لہذا حکومت ان تینوں محکمہ جات کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے سخت اقدامات کی خواہاں ہے۔ جناردھن ریڈی نے سوال کیا کہ کیا محض تین محکمہ جات میں ہی کرپشن ہے اور دیگر محکمہ جات کرپشن سے پاک ہیں؟ ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی ری ڈیزائننگ کے نام پر ہزاروں کروڑ روپئے کی بے قاعدگیاں کی جارہی ہیں اور پراجکٹس کی لاگت میں من مانی اضافہ کردیا گیا۔ یہ کرپشن نہیں تو اور کیا ہے۔ ان معاملات میں وزراء اور کئی اہم عہدیدار ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر لوک پال کا تقرر کیا لیکن تلنگانہ میں آج تک لوک آیوکت کا تقرر نہیں ہوا ہے۔ لوک آیوکت سرکاری اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھ سکتا ہے۔ جناردھن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں حق معلومات قانون ( آر ٹی اے ) کو عملاً غیر کارکرد کردیا گیا ہے جس کا کوئی وجود نہیں ہے۔ حکومت کے کسی بھی محکمہ سے سوال کیا جائے تو اس کا جواب نہیں دیا جاتا۔ حکومت کے جی اوز سرکری ویب سائیٹس پر عوام کیلئے دستیاب نہیں ہیں اور اس بارے میں کوئی سوال نہیں کرسکتا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ پہلے اپنے دفتر، وزراء، سکریٹریٹ سے کرپشن کا خاتمہ کریں جس کے بعد محکمہ جات میں کرپشن از خود ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر حقیقی معنوں میں کرپشن ختم کرنے کے بارے میں سنجیدہ ہیں تو وہ خیرمقدم کریں گے لیکن یہاں تو نظم و نسق سارا کرپشن میں غرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کیلئے کئی جگہ تخمینہ کے بغیر ہی کام جاری ہیں۔ ٹنڈر کا کوئی تصور نہیں ہے اور اپنی پسند کے کنٹراکٹرس کو کام الاٹ کئے جارہے ہیں۔ جناردھن ریڈی نے کہا کہ وہ ٹنڈرس میں بے قاعدگیوں کو ثابت کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجلاس طلب کریں کیونکہ کرپشن تلنگانہ ریاست کو تباہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریت مافیا سرگرم ہے جس کی سرپرستی برسراقتدار پارٹی کے قائدین کررہے ہیں۔ جناردھن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ایم ایل سی انتخابات میں سرکاری ملازمین نے ٹی آر ایس کی مخالفت کی تھی لہذا کے سی آر ان کے خلاف بدلہ کی کارروائی کررہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں مختلف سطح پر کرپشن کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔