ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات مطمئن : کے ٹی آر

   

سکندرآباد اور کنٹونمنٹ اسمبلی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح، حیدرآباد پرامن رہنے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی حکمرانی سے سماج کے تمام مذاہب اور طبقات پوری طرح مطمئن ہیں۔ آج اسمبلی حلقہ صنعت نگر کے حدود میں واقع بیگم پیٹ ڈیویژن میں 61 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر سنیماٹوگرافی ٹی سرینواس یادو کے علاوہ دوسرے مقامی قائدین موجود تھے۔ ایس پی روڈ پیٹنی نالہ 10 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر ہونے والے برج کا سنگ بنیاد رکھا۔ پاٹی گڈہ پر 6 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر ہونے والے ملٹی پرپس فنکشن ہال کے تعمیری کاموں کا ایس این ڈی پی پروگرام کے تحت 45 کروڑ روپئے کے مصارف سے بیگم پیٹ نالے کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا۔ پاٹی گڈہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کو شادی و دیگر تقاریب کا انعقاد کرنے کیلئے فنکشن ہال تعمیر کیا جارہا ہے جس پر 6 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ یہ فنکشن ہال غریب عوام کو برائے نام قیمت پر دستیاب ہوگا۔ اس پروگرام میں میئر وجیہ لکشمی رکن قانون ساز کونسل سروبی وانی دیوی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ بعدازاں کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ میں بھی کے ٹی آر نے مختلف ترقیاتی کاموں میں شرکت کی۔ سڑکوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ حکومت کنٹونمنٹ کی ترقی کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ کے عوام کو مفت پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں حیدرآباد ترقی کرنے کے ساتھ پرامن ہے۔ مذاہب، ذات پات سے بالاتر ہوکر شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ لڑکیوں کی شادیوں میں 8421 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ن