حیدرآباد میں ایل رمنا کی شرکت ، کورونا سے نمٹنے میں حکومت پر ناکامی کا الزام
حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران مسائل کا شکار غریبوں ، ورکرس اور کسانوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ریاست گیر سطح پر خاموش احتجاج منظم کیا۔ صبح 10 تا 12 بجے دن شہر اور اضلاع میں تلگودیشم قائدین نے خاموش احتجاج منظم کرتے ہوئے حکومت سے اپنی ناراضگی جتائی۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا، جنرل سکریٹری این نرسی ریڈی، ٹی ایس این وی کے صدر بالا سبرامنیم، تلگو مہیلا کی صدر جوشنا، ٹی رام کرشنا اور اقلیتی سل کے صدر تاج الدین نے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں خاموش احتجاج میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ پارٹی کے پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے بھی اپنی قیامگاہ پر خاموش احتجاج منظم کیا۔ مختلف اضلاع میں پارٹی قائدین نے احتجاج منظم کیا جس میں نارائن پیٹ، محبوب نگر، کھمم، رنگاریڈی، وقارآباد، ورنگل ( اربن )، محبوب آباد اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر منظم شعبہ کے ورکرس کا تحفظ کرے ۔ رمنا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر غریب خاندان کیلئے سفید راشن کارڈ کا لزوم عائد کئے بغیر امداد جاری کرے۔ صدر قومی تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ تلگودیشم قائدین کے احتجاج کی تائید کی۔
