ٹی آر ایس حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی میں اضافہ

,

   

کے سی آر کے خاندان کے سواء وزراء کو بھی پرگتی بھون تک رسائی نہیں : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر و رکن پارلیمنٹ این اتم کمار ریڈی نے آج کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے خلاف عوام کی ناراضگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور لوگ اب اپنی نجات کیلئے کانگریس پارٹی پر نظریں لگائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو نچلی سطح تک مضبوط کریںا ور عوامی مسائل پر توجہ دی جائے ۔ گاندھی بھون میں ضلع کانگریس صدور سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ضلع صدور کی محنت کے نتیجہ میں دیہی علاقوں میںمستحکم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی بنیادیں نچلی سطح تک مضبوط ہیں اور انہیں مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک موثر تنظیم ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 اور 2018 میں کانگریس پارٹی کی شکست کی مختلف وجوہات ہیں اور آئندہ انتخابات کی تیاریاں کرتے ہوئے انہیں ذہن نشین رکھا جائیگا ۔ اتم کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے عوام خوش نہیں ہیں ۔ تمام محکمہ جات میں کرپشن عروج پر ہے اور عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین کرپشن کے ذریعہ غیر قانونی دولت جمع کر رہے ہیں اور انہیں رقومات کا انتخابات میں مقابلہ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ریاستی حکومت اپنی سمت بھی کھوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوائے کے سی آر خاندان کے کسی بھی دوسرے وزیر یا رکن اسمبلی یا سینئر عہدیداروں کو بھی پرگتی بھون تک راست رسائی نہیں ہے ۔تمام محکمہ جات میںریاستی حکومت کی کارکردگی صرف علامتی ہوکر رہ گئی ہے اور عام آدمی کی وزراء یا محکمہ جات کے سربراہان تک کوئی رسائی نہیں رہ گئی ہے ۔