29 نومبر کو گاندھی بھون میں جلسہ عام، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ یوتھ کانگریس نے کے سی آر حکومت کی تمام دشمن پالیسیوں کے خلاف تلنگانہ بچاؤ تحریک کا آغاز کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں 29 نومبر کو گاندھی بھون میں جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں یوتھ کانگریس کے قومی قائدین شرکت کریں گے ۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر انیل کمار یادو نے آج تلنگانہ بچاؤ پوسٹر جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں سے کئی وعدے کئے تھے ۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم ، روزگار کی فراہمی ، فیس باز ادائیگی اور کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے وعدوں پر گزشتہ 6 برسوں میں عمل آوری نہیں کی گئی ۔ انیل یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ تلنگانہ تحریک میں نوجوانوں اور طلبہ نے نہ صرف بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ ان کی قربانیوں کے نتیجہ میں علحدہ ریاست کا قیام ممکن ہوسکا۔ نوجوانوں اور طلبہ کو امید تھی کہ علحدہ ریاست میں ان کا مستقبل تابناک رہے گا لیکن کے سی آر نے طلبہ کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں بیروزگاری کے شرح میں دن دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اساتذہ کے تقررات کے سلسلہ میں ڈی ایس سی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ۔ ہر گھر کو ایک ملازمت فراہم کرنے کا کے سی آر نے وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی معاشی پالیسیوں کی کے سی آر نے تائید کی۔ نوٹ بندی ، جی ایس ٹی اور دیگر فیصلوں کی بھی تائید کی گئی لہذا ملک میں عوام کو درپیش مسائل کیلئے مرکز کے ساتھ ساتھ کے سی آر بھی مساوی ذمہ دار ہیں۔ انیل کمار یادو نے بتایا کہ 29 نومبر کے جلسہ عام میں آل انڈیا یوتھ کانگریس کے صدر پی وی سرینواس اور ریاست کے اہم قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے بھاری تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔