ٹی آر ایس رکن اسمبلی بالا کشن کے قافلہ پر حملہ کی کوشش

   


حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی آر بالا کشن کو آج اس وقت عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ کریم نگر کے گنڈلہ پلی علاقہ سے گذررہے تھے۔ مقامی نوجوانوں کے ایک گروپ نے رکن اسمبلی کے قافلہ پر حملہ کیا۔ انہوں نے رکن اسمبلی کی گاڑی پر چپل پھینکے اور احتجاج درج کرایا۔ یہ نوجوان راجیو راہداری پر گنڈلہ پلی تا گنیرووارم منڈل ڈبل روڈ کی تعمیر کا مطالبہ کررہے تھے۔ رکن اسمبلی کا قافلہ جب گذرنے لگا تو انہوں نے رکاوٹ پیدا کی اور مخالفت میں نعرے لگائے۔ پولیس نے احتجاجیوں کو دور کرتے ہوئے رکن اسمبلی کی گاڑی کو جانے کی اجازت دی۔ اسی دوران بعض احتجاجیوں نے گاڑی پر پتھر اور چپل پھینکے۔ اس واقعہ کے بعد ماناکنڈور اسمبلی حلقہ میں ٹی آر ایس کارکنوں نے احتجاج منظم کیا۔ نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے رکن اسمبلی پر کانگریس کارکنوں کی جانب سے حملہ کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس اور بی جے پی قائدین اس طرح کی حرکتوں کے ذریعہ ٹی آر ایس کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا ہے۔ر