دوہری شہریت کے مسئلہ پر سماعت، مزید تفصیلات پیش کرنے 24 اگسٹ تک مہلت
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ویملواڑہ اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی شہریت کے مسئلہ پر آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سی ایچ رمیش پر دوہری شہریت الزام عائد کرکے اے سرینواس نامی شخص نے درخواست دائر کی جس پر گزشتہ کچھ عرصہ سے سماعت جاری ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے حال میں رکن اسمبلی کی ہندوستانی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ کرکے احکام جاری کئے تھے۔ آج اس معاملہ کی سماعت کے موقع پر مرکز کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجیشور راؤ اور رکن اسمبلی کی جانب سے راما راؤ اور درخواست گذار سرینواس کی جانب سے ایڈوکیٹ روی کرن نے دلال پیش کئے۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سی ایچ رمیش جرمنی کے شہری ہیں۔ اوورسیز سٹیزن سے متعلق درخواست میں رمیش کی جرمنی کی شہریت کا تذکرہ شامل ہے۔ ایڈوکیٹ روی کرن نے بتایا کہ رکن اسمبلی نے جرمن پاسپورٹ کی 2023 تک توسیع کروائی جبکہ رکن اسمبلی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رمیش نے جرمنی کی شہریت ترک کردی ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ اگر جرمنی کی شہریت ترک کردی گئی تو پھر اوورسیز سٹیزن شپ کی درخواست میں جرمن شہری کا تذکرہ کیوں کیا گیا۔ راما راؤ نے تفصیلات حاصل کرکے عدالت میں پیش کرنے کا تیقن دیا جس کے بعد اس معاملہ کی سماعت 24 اگسٹ تک ملتوی کردی گئی۔