چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو اور ریاستی وزراء کا خراج
حیدرآباد : ٹی آر ایس رکن اسمبلی ایس رام لنگا ریڈی کا مختصر علالت کے بعد آج حیدرآباد کے خانگی ہاسپٹل میں دیہانت ہوگیا۔ آنجہانی سدی پیٹ ضلع دوباک اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے تھے اور اسمبلی کی تخمینہ کمیٹی کے صدرنشین تھے۔ انہیں خرابیٔ صحت پر ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیاسٹرو انٹرولوجی میں شریک کیا گیا تھا ۔ چہارشنبہ کی رات دیر گئے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ دوباک منڈل کے چٹا پور موضع سے تعلق رکھنے والے رام لنگا ریڈی 1961 ء میں پیدا ہوئے ۔ ٹی آر ایس کے قیام سے وہ تلنگانہ تحریک سے وابستہ ہوگئے۔ انہوں نے پیشہ صحافت کو چھوڑ کر سیاسی زندگی میں قدم رکھا۔ کے سی آر کے ساتھ متحدہ ضلع میدک میں تلنگانہ تحریک میں ان کا اہم رول رہا۔ ماوسٹوں کے پیپلزوار گروپ سے تعلق کے الزام میں ان پر ٹاڈا مقدمہ درج کیا گیا۔ ملک میں ٹاڈا کے تحت پہلا مقدمہ رام لنگا ریڈی کے خلاف درج ہوا۔ 2004 ء میں وہ پہلی مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے۔ 2008 ء کے ضمنی چناؤ اور پھر 2014 اور 2019 ء میں انہیں مسلسل کامیابی ملی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزراء نے رام لنگا ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ چیف منسٹر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دوباک پہنچے اور ارتھی پر پھول چڑھائے ۔ انہوں نے پسماندگان کو پرسہ دیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء کے ٹی آر ، ہریش راؤ ، ای راجندر ، پرشانت ریڈی کے علاوہ متحدہ ضلع میدک کے ارکان مقننہ پدما دیویندر ریڈی ، مدن ریڈی ، کرانتی کرن ، بھوپال ریڈی ، رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی اور دوسرے خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل تھے۔ آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ انجام دی گئیں۔