مرکز کو جواب داخل کرنے دو ہفتوں کی مہلت،جرمنی کی شہریت ترک کرنے رکن اسمبلی کا فیصلہ
حیدرآباد۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی شہریت کے مسئلہ پر آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ ویملواڑہ کے رکن اسمبلی رمیش کی جانب سے دائر کردہ جوابی حلفنامہ کا ہائی کورٹ نے جائزہ لیا۔ رکن اسمبلی نے اپنے حلفنامہ میں بتایا کہ انہوں نے جرمنی کی شہریت کو واپس کردیا ہے اور فی الوقت صرف ہندوستانی شہری ہیں۔ مرکزی حکومت کے وکیل نے رکن اسمبلی کے حلفنامہ پر تفصیلات پیش کرنے کیلئے عدالت سے وقت مانگا۔ عدالت نے مرکزی حکومت کو جواب داخل کرنے دو ہفتوں کی مہلت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ آئندہ کسی بھی فریق کو مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ہر کسی کو قطعی بحث کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ عدالت نے مقدمہ کی آئندہ سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی ہے۔ واضح رہے کہ سی ایچ رمیش کی دوہری شہریت کی شکایت کرتے ہوئے عدالت میں درخواست داخل کی گئی جس کی طویل عرصہ سے سماعت جاری ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے حال ہی میں سی ایچ رمیش کی ہندوستانی شہریت منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے جس کو رکن اسمبلی نے چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ سی ایچ رمیش طویل عرصہ سے ہندوستان میں نہیں ہیں جس کے نتیجہ میں حلقہ کے عوام مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں پریشان ہیں۔