عوام نے کانگریس کے امیدوار کو منتخب کیا
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) پنچایت انتخابات میں اگرچہ برسر اقتدار ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کی لیکن سوریا پیٹ ضلع میں پارٹی کے رکن اسمبلی ملیا یادو کو عوام نے زبردست جھٹکا دیا ہے۔ کوداڑ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے بی ملیا یادو کے آبائی گاؤں میں عوام نے کانگریس پارٹی کے امیدوار کو منتخب کیا۔ دیگر مواضعات میں اگرچہ ٹی آر ایس کا بہتر مظاہرہ رہا لیکن رکن اسمبلی کے آبائی گاؤں میں غیر معمولی نتیجہ سے مایوسی ہوئی ہے۔ سوریا پیٹ کے نڈی گوڑم منڈل کے کرویرالا گاؤں میں کانگریس امیدوار جی نیلیما گاندھی کو 17 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس گاؤں میں جملہ 1265 ووٹ ڈالے گئے ۔ جن میں کانگریسی امیدوار کو 626 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ٹی آر ایس امیدوار آر رما دیوی کو 609 ووٹ ملے۔ آزاد امیدوار سی ایچ ہیما کو 6 ووٹ ملے جبکہ 2 ووٹ نوٹا کے زمرہ میں آئے۔ 22 ووٹوں کا استعمال نہیں کیا گیا ۔ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے فوری بعد ٹی آر ایس رکن اسمبلی کو اپنے آبائی گاؤں میں عوام کی جانب سے جو جھٹکا ملا ہے وہ سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بن چکا ہے۔