ٹی آر ایس رکن اسمبلی کرانتی کرن کی رام بھکتوں کی ریالی میں شرکت

   


رام مندر تعمیر کے لیے عطیہ وصول مہم میں سرگرم رول ، اقلیتوں میں ناراضگی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کرانتی کرن نے اندول ، جوگی پیٹ میں رام مندر تعمیر کرنے کے لیے ایک بائیک ریالی منظم کرتے ہوئے جہاں سب کو حیرت زدہ کردیا وہیں اپنی جانب سے رام مندر کی تعمیر کے لیے 11,111 روپیہ کا عطیہ بھی دیا ہے ۔ ریاست میں ایک طرف ٹی آر ایس اور بی جے پی کے قائدین ایک دوسرے کو تنقیدوں کا نشانہ بنا رہے ہیں تو دوسری طرف اپنے آپ کو سب سے بڑا ہندو ثابت کرنے کی کوشش کررہے اور اکثریتی طبقہ کا دل جیتنے کے لیے نت نئے پروگرامس کا انعقاد کرنے کے علاوہ متنازعہ موضوعات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش بھی کررہے ہیں ۔ اس سیاسی دوڑ میں اسمبلی حلقہ اندول کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کرانتی کرن ایک قدم آگے بڑھ گئے ہیں ۔ انہوں نے آج اندول ۔ جوگی پیٹ میں رام بھکتوں کی جانب سے منعقد کردہ بائیک ریالی میں حصہ لیا ۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے ملک بھر میں عطیہ وصول کرنے والی مہم میں اپنے آپ کو حصہ دار بنایا اور اپنے ساتھیوں و حامیوں کے ساتھ رام مندر کی تعمیر کے لیے چندہ وصول کرنے گھر گھر پہونچ گئے ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کی ریالی میں شرکت موضوع بحث بن گئی اور ہر کوئی اس پر مباحث کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ کرانتی کرن نے اپنی طرف سے رام بھکتوں کی ریالی میں شرکت کرتے ہوئے رام مندر کی تعمیر کے لیے عطیہ وصول کیا یا پارٹی قیادت کی ہدایت پر انہوں نے ریالی میں شرکت کی ۔ کرانتی کرن کے اس عمل سے اقلیتوں میں ناراضگی و برہمی بھی دیکھی گئی ۔ دیکھنا ہے اس مسئلہ پر ٹی آر ایس قیادت کا کیا ردعمل ہوگا ۔۔