چیف منسٹر سے کارروائی کا مطالبہ ، ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کو 5 فروری تک کی مہلت دی ہے تاکہ وہ کمزور طبقات کے خلاف اپنے ریمارکس پر معذرت خواہی کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ مختلف طبقات کے نمائندوں کا 5 فروری کو سوماجی گوڑہ پریس کلب میں اجلاس طلب کیا گیا ہے اور رکن اسمبلی وہاں پہنچ کر برسر عام معذرت خواہی کریں ۔ انہوں نے کمزور اور پسماندہ طبقات کے خلاف دھرما ریڈی کے ریمارکس کو افسوسناک قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کے خلاف ریمارکس کرنا حوصلوں کو پست کرنے کی کوشش ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے کمزور طبقات کو انصاف فراہم کرنے کیلئے تحفظات کی گنجائش رکھی تھی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ نریندر مودی نے اعلیٰ طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو معاشی پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو رکن اسمبلی دھرما ریڈی کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ ٹی آر ایس اگر کمزور طبقات کا احترام کرتی ہیں تو رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کے ذریعہ اس کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دھرما ریڈی کے بیان کے چار دن گزرنے کے باوجود ٹی آر ایس قیادت خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف بڑے پیمانہ پر ایجی ٹیشن کی دھمکی دی ہے۔