ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے خلاف محکمہ جنگلات کی شکایت

   

حیدرآباد ۔ یکم جولائی ( پی ٹی آئی ) محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے آج برسر اقتدار ٹی آر ایس کے ایک رکن اسمبلی کے خلاف ان کے کام کاج میں رکاوٹ پیدا کرنے پر شکایت درج کروائی۔ رکن اسمبلی وی وینکٹیشور راو نے تاہم الزامات کی تردید کی ہے ۔ یہ شکایت ایسے وقت میں درج کروائی گئی ہے جبکہ کل ہی ایک خاتون فاریسٹ آفیسر پر ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے بھائی اور اس کے حامیوں نے حملہ کرکے زخمی کردیا تھا ۔ ایک پولیس عہدیدار کے بموجب محکمہ جنگلات نے کتہ گوڑم کے رکن اسمبلی وی وینکٹیشور راو کے خلاف شکایت درج کروائی ہے اور کہا کہ وہ اپنے چار تا پانچ حامیوں کے ساتھ فاریسٹ اراضی کے تحفظ کیلئے ایک دیوار کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے 29 جون کو دیوار کی تعمیر کو روک دیا تھا ۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ ہمیں شکایت موصول ہوئی ہے اور ہم اس شکایت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ رکن اسمبلی نے تاہم اس الزام کی تردید کی ہے ۔