ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے مظالم کیخلاف وزیر داخلہ محمود علی سے نمائندگی

   

کانگریس قائدین نے ہراسانی کے واقعات کی تفصیلات حوالے کیں

حیدرآباد۔7۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی وی وینکٹیشور راؤ کے فرزند وی راگھویندر راؤ کے خلاف الزامات کی موثر تحقیقات کا تیقن دیا ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان آر نریندر ، سکریٹری کے سرینواس کے علاوہ سنجے یادو اور سریدھر گوڑ نے وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ کتہ گوڑم ضلع میں رکن اسمبلی کے فرزند کی جانب سے ہراسانی اور ظلم و زیادتی کے واقعات کی طویل فہرست ہے۔ گزشتہ کئی برسوں میں وقفہ وقفہ سے راگھویندر راؤ کے خلاف شکایات درج کی گئیں لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ اپنے والد وینکٹیشور راؤ کی سرپرستی میں راگھویندر راؤ نے کئی خاندانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ رام کرشنا نامی شخص کو مدد کرنے کیلئے راگھویندر راؤ نے جس گھناؤنے اور بدترین جرم کا ارتکاب کرنے کی کوشش کی وہ ناقابل معافی ہے۔ رام کرشنا نے اس توہین سے دلبرداشتہ ہوکر افراد خاندان کے ساتھ اجتماعی خودکشی کرلی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ عوام کے احتجاج کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا لیکن ابھی تک گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ پولیس عہدیدار گرفتاری کی تردید کر رہے ہیں۔ کانگریس قائدین نے وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ راگھویندر راؤ کی زیادتیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیں تاکہ تمام جرائم کی سزا دی جاسکے۔ وزیر داخلہ نے اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ ر