حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز) ملک میں کورونا کیسس میں اضافہ کے سبب ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس کی کانگریس میں شمولیت پھر ایک بار ملتوی کردی گئی۔ ڈی سرینواس کل 24 جنوری کو نئی دہلی میں سونیا گاندھی کی موجودگی میں گھر واپسی کرنے والے تھے۔ دہلی اور ملک کے دیگر علاقوں میں کورونا کی صورتحال میں شدت کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا کیونکہ شمولیت کے موقع پر قائدین کی کثیر تعداد موجود رہے گی۔ ڈی سرینواس طویل عرصہ سے ٹی آر ایس کی سرگرمیوں سے دور ہوچکے ہیں اور انہوں نے دوبارہ گھر واپسی کا فیصلہ کیا تاکہ پارٹی کو ریاست میں برسر اقتدار لانے کیلئے اپنے دیرینہ تجربہ کی روشنی میں مشورے دے سکیں۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد ڈی سرینواس نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی جہاں انہیں راجیہ سبھا کا رکن مقرر کیا گیا۔ پارٹی میں اختلاف رائے اور کے سی آر سے اختلافات کے نتیجہ میں وہ پارٹی سرگرمیوں سے دور ہوگئے اور دوبارہ شمولیت کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ ڈی سرینواس کے فرزند ڈی اروند نظام آباد سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں جبکہ بڑے فرزند ڈی سنجے نے حال ہی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ر