رکنیت سازی کے علاوہ انتخابی حکمت عملی طئے کی جائے گی
حیدرآباد: ٹی آر ایس کے سربراہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 7 فروری کو تلنگانہ بھون میں پارٹی کے ریاستی عاملہ اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ پارٹی کی رکنیت سازی ، مواضعات سے ریاستی سطح تک پارٹی کمیٹیوں کی تشکیل ، پارٹی صدر کے انتخابات اور 27 اپریل کو پارٹی کے سالانہ اجلاس کے علاوہ دیگر تنظیمی امور پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں ریاستی کمیٹی کے ا رکان کے علاوہ وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، اسمبلی و کونسل ، ریاستی کارپوریشنوں کے صدورنشین ، ضلع پریشد صدورنشین ، میئرس ، چیر پرسن، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک اور ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو مارکیٹنگ سوسائٹیز کے صدور شرکت کریں گے۔ اجلاس کے لئے ایجنڈہ کو قطعیت دی جارہی ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ عاملہ کے اجلاس میں دوباک اور حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابی نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔ دوباک کی شکست اور حیدرآباد میں پارٹی کے کمزور مظاہرہ کی وجوہات کے بارے میں قائدین سے رائے حاصل کی جائے گی۔ 7 مجالس مقامی ، گریجویٹ ایم ایل سی کی دو نشستوں اور ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں پارٹی انتخابی حکمت عملی طئے کرے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں بی جے پی کی سرگرمیوں میں اضافہ اور مرکزی حکومت سے فنڈس کے حصول پر حکومت کے موقف کی وضاحت کریں گے ۔ پارٹی عاملہ کا اجلاس موجودہ صورتحال میں اہمیت کا حامل ہے۔