پارلیمنٹ میں مباحث کی تجویز، راجیہ سبھا میں فلور لیڈر ڈاکٹر کیشو راؤ کا موقف
حیدرآباد: تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے مرکز کے زرعی قوانین کو غیر دستوری قرار دیا تاہم کسانوںکی جانب سے قوانین کو واپس لینے کے مطالبہ کی مخالفت کی ہے ۔ راجیہ سبھا میں پارٹی کے فلور لیڈر ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے کہا کہ مرکزی قوانین میں شامل کئے گئے کئی معاملات ریاستوں کے اختیارات میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان قوانین سے دستبرداری کی مانگ کر رہے ہیں جسے ٹی آر ایس قبول نہیں کرتی۔ کسانوں نے جن ترمیمات کی سفارش کی ہے، حکومت نے اس سے اتفاق کرلیا ہے ۔ لہذا پارلیمنٹ میں زرعی قوانین میں ترمیمات کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ویکسین ٹیکہ اندازی مہم ہندوستان میں شروع کی گئی ہے ۔ انہوں نے ویکسین تیار کرنے والی دونوں کمپنیوں کو مبارکباد پیش کی۔ کیشو راؤ نے کہا کہ حکومت بجٹ میں شعبہ صحت پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کر رہی ہے لیکن ملک میں عام آدمی کیلئے طبی سہولتیں اور طبی عملہ کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کی منظوری کے موقع پر اگر حکومت اپوزیشن کی ترمیمات کو قبول کرتی تو آج کسانوں کے احتجاج کی نوبت نہ آتی۔ انہوں نے کہا کہ اقل ترین امدادی قیمت کو قانون کے تحت یقینی بنانے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے احتجاج کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کی مداخلت کے بغیر حکومت کو ترمیمات کے ذریعہ حل تلاش کرنا چاہئے ۔