ٹی آر ایس سے رقم لیں اور ووٹ کانگریس کو دیں

   

حضور نگر کی ترقی کانگریس سے ممکن، عوام لالچ میں نہیں آئیں گے : وینکٹ ریڈی
حیدرآباد۔یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حضور نگر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس سے رقم حاصل کریں لیکن ووٹ کانگریس کو دیں۔ وینکٹ ریڈی کانگریس کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں حضور نگر میں عوام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے گروپ میٹنگس اور کارنر میٹنگس سے خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حضور نگر میں کامیابی کیلئے سرکاری مشنری اور دولت کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے جو رقم بھی دی جائے ، اسے حاصل کرلیں کیونکہ وہ رقم کالیشورم پراجکٹ میں کمیشن سے حاصل کردہ ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کارکنوں سے کہا کہ وہ شراب قبول نہ کریں اور صرف پیسہ وصول کریں ۔ ضرورت پڑنے پر پیسہ کیلئے دھرنا منظم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس لاکھ کوشش کرلیں عوام کو دولت کے ذریعہ خرید نہیں پائے گی ۔ حضور نگر کے رائے دہندوں نے کانگریس کو کامیاب بنانے کا عہد کرلیا ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 21 اکتوبر کو پدماوتی ریڈی کی کامیابی کے ذریعہ کانگریس پارٹی دیپاولی منائے گی۔ حضور نگر میں ٹی آر ایس کی کامیابی محض ایک خاندان کی کامیابی ہوگی جبکہ کانگریس کی کامیابی عوامی کامیابی ہے۔ گزشتہ انتخابات کی طرح کے سی آر کو سرکاری مشنری اور دولت پر بھروسہ ہے۔ خواتین کا احترام ٹی آر ایس کے پاس نہیں ہے جس کا ثبوت پرگتی بھون میں سابق ڈپٹی اسپیکر اور خاتون ارکان اسمبلی کو داخلہ سے روک دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے امیدوار سیدی ریڈی غیر مقامی ہے جبکہ پدماوتی ریڈی کا تعلق ایسے گھرانے سے ہے جس میں حضور نگر کی ترقی کیلئے خود کو وقف کردیا۔ وبائی امراض سے عوامی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ پرگتی بھون میں کتے کی موت پر ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا لیکن لاکھوں افراد وبائی امراض سے متاثر ہیں، حکومت کو اس کی فکر نہیں۔ کے سی آر کے کتے کی زندگی عوامی زندگی سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر میں سماج کے تمام طبقات کے سی آر کو سبق سکھائیں گے۔