ٹی آر ایس قائدین کو راست طور پر میڈیاسے بات نہ کرنے کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

حد سے بڑھ کر بیان بازی پر سخت کارروائی کا انتباہ ، صدر ٹی آر ایس کے سی آر کا پارٹی قائدین سے خطاب
حیدرآباد۔27جون(سیاست نیوز) ذرائع ابلاغ نمائندوں سے راست اپنے طور پر بات کرنے پر ان کے خلاف پارٹی ڈسپلن شکنی کے تحت کاروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گی ۔ صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی قائدین کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیلی ویژن چیانلس پر ہونے والے مباحث میں اپنے طور پر حصہ نہ بنیں اور کسی بھی الزام کے جواب اپنے طور پر نہ دیں کیونکہ یہ دیکھا جا رہاہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے قائدین پارٹی لائن سے آگے بڑھ کر بات کر رہے ہیں۔صدر ٹی آر ایس نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت اور قائد کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزام کا اپنے طور پر جواب نہ دیں بلکہ پارٹی کی جانب سے کئے جانے والے فیصلہ کے مطابق پارٹی جس کو ہدایت دے وہی چیانل پر ردعمل ظاہر کرے۔ مسٹر کے چند رشیکھرراؤ نے پارٹی قائدین کو ان احکام کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کاروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کا موقف ایک ہی ہوگا اور اس موقف کو پیش کرنے کیلئے پارٹی کی جانب سے ان موضوعات پر مہارت رکھنے والوں کو ذمہ داری تفویض کی جائے گی ۔پارٹی کی جانب سے نامزد کئے جانے والے ترجمان اور قائدین کے علاوہ کسی کو بھی ذرائع ابلاغ اداروں سے رابطہ میں رہنے اور رد عمل ظاہر کرنے کی اجازت حاصل نہیں ہوگی۔