ٹی آر ایس لوک سبھا امیدواروں کا کل اعلان ہوگا ۔ کے سی آر

   

حیدرآباد۔19مارچ(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 21مارچ کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کے 16امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نظام آباد جلسہ سے خطاب کے دورا کہا کہ 21مارچ کو 16امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوگا اور تلنگانہ عوام سے اس بات کی اپیل کی کہ وہ تمام 16امیدوارو ںکی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ سربراہ ٹی آر ایس نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں پہلے مرحلہ میں تلنگانہ ریاست کی تمام نشستوں کے لئے ہونے جا رہے انتخابات میں 16نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے اور اس کیلئے تلنگانہ عوام کا پارٹی کو سابق کی طرح تعاون درکار ہے۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹر سمیتی کے تمام امیدواروں کی کامیابی کو تلنگانہ عوام کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تلنگانہ عوام ٹی آر ایس کے تمام امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے تو یہ کامیابی ان کی اپنی کامیابی ہوگی۔واضح رہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے لوک سبھا انتخابات 2019کے دوران 6تا 8 نئے چہروں کو متعارف کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور ٹی آر ایس ٹکٹ کے خواہشمندوں میں بے چینی ہے ۔چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کریم نگر حلقہ لوک سبھا سے انتخابی مہم کی شروعات کی تھی جہاں مسٹر بی ونود کمار کو ٹکٹ کا اعلان کیا جاچکا ہے ا ور وہ اپنا پرچۂ داخل کرچکے ہیں ۔ آج چیف منسٹر نے نظام آباد میں دختر کے کویتا کی مہم میں حصہ لیا اور یہ طئے ہے کہ حلقہ نظام آباد سے کویتا ہی دوبارہ مقابلہ کرینگی ۔ کانگریس نے مسٹر مدھو گوڑ یشکی کو کویتا کے خلاف میدان میں اتارنے کا اعلان کیا ہے۔