ٹی آر ایس مجلس عاملہ کا آج اہم ترین اجلاس

   

کے ٹی آر کی جانشینی، مجلس اوربی جے پی تعلقات اور رکنیت سازی پر غور کا امکان

حیدرآباد۔ ایک ایسے وقت جبکہ کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنائے جانے کے امکانات سے متعلق خبریں زوروں پر ہیں چیف منسٹر و سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے 7 فروری کو دوپہر میں تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس کی ریاستی مجلس عاملہ کا ایک اہم ترین اجلاس طلب کیا ہے۔ جس میں اس بات کا بھی پورا مکان ہے کہ کے ٹی آر کو کے سی آر کا جانشین بنائے جانے کے اشارے دیئے جائیں گے جبکہ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ ہرگز موضوع بحث نہیں رہے گا ۔ لیکن سیاسی حلقوں میں کچھ عرصہ سے یہ بات گشت کررہی ہے کہ کے سی آر اپنے فرزند کو چیف منسٹر بناتے ہوئے اپنی ساری توجہ قومی سیاست پر مرکوز کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر مجلس اور بی جے پی کے تعلق سے بھی پارٹی کے موقف کا اظہار کریں گے۔ جی ایچ ایم سی انتخابات تک ٹی آر ایس کی جانب سے مجلس کو اپنی ہم خیال دوست جماعت قرار دیا جارہا تھا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں ایک جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے بی جے پی کے خلاف سارے ملک میں حیدرآباد سے مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی دہلی میں وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد زرعی قوانین مخالف پالیسی سے انحراف اور مرکزی بجٹ پر تبصرہ سے گریز کرنے کے بعد دونوں جماعتوں مجلس اور بی جے پی کے تعلق سے ٹی آر ایس کا کیا موقف ہوگا اس پر پارٹی میں مباحث جاری ہیں۔ اس پر بھی کوئی وضاحت کرنے اور حیدرآباد کے میئر کیلئے بھی کسی کے نام کا اعلان کرنے کا بھی امکان ہے۔ پارٹی کے تنظیمی استحکام کیلئے رکنیت سازی مہم شروع کرنے اور 27 اپریل تک اس کو جاری رکھنے پارٹی کے 20 سال کی تکمیل پر پلینری اجلاس کا بھی انعقاد کرنے کے تعلق سے وضاحت ہونے کا امکان ہے۔