ٹی آر ایس مرکز میںبی جے پی کی دُم چھلہ پارٹی : ملوروی

,

   

Ferty9 Clinic

مودی اور کے سی آر میں گٹھ جوڑ، کانگریس کو دوبارہ اقتدار یقینی
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ملوروی نے بی جے پی کو ٹی آر ایس کی دُم چھلہ پارٹی قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی قائدین اپنی اصلیت کو چھپانے کیلئے کانگریس پر تنقید کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملوروی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی اپنے قدم جمانا چاہتی ہے جبکہ اسے عوام کی تائید حاصل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین ٹی آر ایس کو کانگریس کی دُم چھلہ پارٹی قرار دے رہے ہیں جبکہ مرکز میں ٹی آر ایس بی جے پی کی اور ریاست میں بی جے پی ٹی آر ایس کی دُم چھلہ ہے۔ ملوروی نے کہا کہ بی جے پی کو تلنگانہ میں کوئی کیڈر نہیں ہے اور ایسی پارٹی کے قائدین کی باتوں پر عوام بھروسہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پارٹیوں سے بی جے پی میں قائدین کی شمولیت عارضی معاملہ ہے اور کانگریس پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات میں دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین اس بات کو فراموش کررہے ہیں کہ 2018 انتخابات میں 103 اسمبلی حلقوں پر اس کے امیدوار ضمانت نہیں بچاسکے تھے۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو صرف 17 فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں ٹی آر ایس نے جس طرح پارلیمنٹ میں حکومت کی تائید کی وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی کی دُم چھلہ پارٹی ہے۔ ملوروی نے کہا کہ مرکزی وزراء تلنگانہ کی اسکیمات کی ستائش کررہے ہیں۔مرکز میں ٹی آر ایس کی جانب سے بی جے پی کی تائید اور پھر مرکزی وزراء کا تلنگانہ کی اسکیمات کی ستائش کرنا دونوں میں گٹھ جوڑ کو ثابت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کانگریس کے خلاف جھوٹا پرچار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور کے سی آر کے درمیان خفیہ سمجھوتہ ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کے بیانات ایک چور کی جانب سے چور آیا چور آیا پکارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر لکشمن کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس کے خلاف بیان بازی میں احتیاط کریں۔ بی جے پی کے بیانات پر عوام بھروسہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ بی جے پی کو تلنگانہ میں کیڈر نہیں ہے اور وہ کانگریس کو نشانہ بنارہی ہے۔