کانگریس کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت، دونوں ایوانوں میں احتجاج جاری رہیگا
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کسانوں کے مسائل پر مرکزی حکومت سے ٹکراؤ کے بعد ٹی آر ایس نے پہلی مرتبہ خود کو اپوزیشن قرار دیا ہے۔ راجیہ سبھا میں پارٹی لیڈر ڈاکٹر کیشو راؤ نے واضح کیا کہ ٹی آر ایس مرکز میں بی جے پی کی اپوزیشن ہے اسی لئے کانگریس کی جانب سے طلب کردہ اپوزیشن پارٹیوں کے اجلاس میں شرکت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے دھان کی خریدی کے سلسلہ میں واضح اعلان تک پارلیمنٹ میں احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں پارٹی گزشتہ تین دن سے احتجاج کررہی ہے۔ راجیہ سبھا سے اپوزیشن کے 12 ارکان کی معطلی ختم کرنے کیلئے کیشو راؤ نے مطالبہ کیا اور کہا کہ گزشتہ اجلاس کیلئے جاریہ اجلاس میں کارروائی کرنا غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر ٹی آر ایس نے اپنا موقف واضح کردیا ہے اور وہ ایم ایس پی قانون کے علاوہ کسان آندولن میں شہید کسانوں کے خاندانوں کو امداد کا مطالبہ کررہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سات برسوں میں پہلی مرتبہ ٹی آر ایس نے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کی۔ کانگریس کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں ٹی آر ایس کی شرکت سے سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز پر دباؤ بنانے کیلئے حربہ کے طور پر پارٹی نے کانگریس کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کی۔ ر