ٹی آر ایس مقبول ترین سیاسی جماعت : محمد محمود علی

   

شہر حیدرآباد کے مسائل کو حل کرنے جامع منصوبہ بندی : ٹی سرینواس یادو ، رکنیت سازی مہم سے خطاب

حیدرآباد۔6اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیمات اور دیگر اقدامات کو قومی سطح پر دیگر ریاستوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہاہے اور ان اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جا رہاہے جو کہ ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے سکندرآباد میں منعقد ہونے والی رکنیت سازی مہم سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ اس رکنیت سازی مہم میں ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر مسٹر پدما راؤ گوڑ اور دیگر تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین موجود تھے۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے چلائی جانے والی اسکیمات ملک بھر میں مثالی ہیں اور ان اسکیمات کے ذریعہ حکومت تلنگانہ عوام کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے بعد سے تلنگانہ میں تہذیب کے تحفظ کے علاوہ جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان میں عوام کی بنیادی ترقی اور انہیں معیاری سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات شامل ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ راشٹر سمیتی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں کی تکمیل کے سبب ریاست کے عوام میں تلنگانہ راشٹر سمیتی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو مسترد کیا جانے لگا ہے۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست تلنگانہ میں جو لوگ ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ان سیاسی جماعتو ںاور قائدین کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے مسترد کیا جانے لگا ہے۔انہو ں نے بتایا کہ ریاستی حکومت چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست کے ان تمام طبقات کی ترقی کو ممکن بنایا جا رہاہے جنہیں گذشتہ 60سال کے دوران نظر انداز کرتے ہوئے پسماندہ کردیا گیا تھا۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد کے مسائل کو مستقل حل کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس پر عمل آوری کی جا رہی ہے جس کے نتیجہ میں صورتحال تبدیل ہونے لگی ہے ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے شفاف حکمرانی کی فراہمی کے لئے سخت گیر قوانین نافذ کئے جا رہے ہیں اور بہتر حکمرانی کیلئے عوام اور عہدیداروں کے علاوہ سیاسی منتخبہ نمائندوں کے درمیان تال میل کو بہتر بنایا جا رہاہے۔ مسٹر پدما راؤ گوڑ نے سکندرآباد کے علاقہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی رکنیت سازی مہم کے دوران دیکھے جانے والے ردعمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات کے مثبت اثرات سکندرآباد کے علاقہ میں دیکھے جانے لگے ہیں اور عوام ترقیاتی کاموں سے مطمئن ہیں۔