ٹی آر ایس مقننہ پارٹی کا آج اہم اجلاس

   

چیف منسٹر کے سی آر نے پارٹی کے اہم قائدین کو بھی مدعو کیا
وزراء کے ساتھ نئی دہلی روانگی کا منصوبہ
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کل 21 مارچ کو صبح 11:30 بجے تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا وسیع تر اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی و کونسل کے علاوہ ریاستی عاملہ کے ارکان، ضلع صدور، ضلع پریشد صدورنشین، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینکس کے صدور، پارٹی کے ضلع رعیتو بندھو کمیٹیوں کے صدور کے علاوہ ریاستی سطح کے تمام کارپوریشنوں کے صدورنشین شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر کے مطابق اجلاس میں مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست سے دھان کی خریدی کے مطالبہ کے تحت دھرنا اور احتجاجی پروگراموں کو طئے کیا جائیگا۔ چیف منسٹر نے کسانوں کے مسائل اور خاص طور پر دھان کی خریدی پر دوبارہ مرکز کے خلاف آواز بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں مدعو تمام قائدین اور عوامی نمائندوں کی شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد چیف منسٹر کے سی آر ریاستی وزراء کے ہمراہ نئی دہلی روانہ ہوں گے تاکہ مرکزی وزراء اور وزیر اعظم نریندر مودی سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر نمائندگی کی جاسکے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ٹی آر ایس ارکان اس مسئلہ پر اپنا احتجاج درج کرائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت پنجاب سے صد فیصد دھان خرید رہی ہے جبکہ تلنگانہ کو نظرانداز کردیا گیا۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کو مکمل خریدی کیلئے ہدایت دی جائے۔ کسانوں کے حق میں ریاست بھر میں دھرنے واحتجاجی پروگرام منظم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دھان کی خریدی کسانوں کیلئے زندگی اور موت کا سوال ہے ایسے میں ٹی آر ایس سخت جدوجہد کیلئے تیار ہے۔ر