ٹی آر ایس میں سب کچھ ٹھیک نہیں

   

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیر صحت ای راجندر کے بیان سے ٹی آر ایس میں طوفان کی امید کی جارہی تھی لیکن رات میں کے ٹی آر کا فون آتے ہی راجندر ٹھنڈے پڑ گئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ راجندر جس طرح فوری اپنے بیان سے دستبردار ہوگئے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کریم نگر کی مردانگی یہی ہے کہ کے ٹی آر کے فون پر خاموشی اختیار کرلی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے ٹی آر امریکہ میں باتھ رومس دھوکر زندگی بسر کر رہے تھے جبکہ راجندر ابتداء سے تلنگانہ تحریک میں شامل رہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان کو تحریک میں اہم رول ادا کرنے والوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔ کے سی آر کے خاندان کی بھلائی کے سواء حکومت کا کوئی اور مقصد نہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس میں داخلی طور پر سخت ناراضگی پائی جاتی ہے اور یہ ناراضگی کسی دن بغاوت کی شکل اختیار کرلے گی۔