کانگریس کو شکست دینے 40 آزاد امیدوار کھڑا کئے گئے
حیدرآباد: سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے ریمارک کیا کہ تلنگانہ کیلئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن انہیں دھوکہ ہوا ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس اور اس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پرگی میں ایم ایل سی انتخابات کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے پی وی نرسمہا راؤ پر تلنگانہ کیلئے کچھ بھی نہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا لیکن اب ان کی دختر کو امیدوار بناکر جھوٹی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے نرسمہا راؤ کی آخری رسومات میں شرکت تک نہیں کی لیکن اب انہیں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ وشویشور ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے پاس ملاقات کیلئے وزراء کو وقت نہیں ہے لیکن انہوں نے دو مرتبہ پروفیسر ناگیشور راؤ کو ملاقات کا موقع دیا جو آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کبھی اصول پسندی کی سیاست نہیں کی ہے ناگیشور راؤ کو میدان میں اتارکر کانگریس کو نقصان پہنچانے کوشش کی جارہی ہے۔ کے سی آر نے 40 آزاد امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے ۔ سابق ایم پی نے مجلس سے سوال کیا کہ وہ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کس طرح کریگی جس نے نرسمہا راؤ کی دختر کو امیدوار بنایا ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار چنا ریڈی کے حق میں اپنے ترجیحی ووٹ کا استعمال کریں ۔