کیڈر کی نشاندہی پر ہی فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہونچایا جائے گا : ایم یادگیری ریڈی
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم یادگیری ریڈی نے کہا کہ وہ پارٹی میں ایمانداری اور دیانتداری سے کام کررہے ہیں مگر انہیں اہم عہدے نہیں ملے حال ہی میں پارٹی میں شامل ہونے والوں کو وزارتیں مل گئی پھر بھی وہ صبر و تحمل سے کام کررہے ہیں انہیں چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے ۔ وہ کام کرنے والے قائدین و کارکنوں کو اہمیت دیتے ہیں اسمبلی حلقہ جنگاؤں کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی متی ریڈی یادگیری ریڈی نے جنگاؤں میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر حلقہ لوک سبھا محبوب آباد کی نمائندگی کرنے والی ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ ایم کویتا کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو عہدوں کے لیے آپس میں نہ لڑنے جھگڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ تحریک سے ٹی آر ایس میں سرگرم رول ادا کررہے ہیں ۔ مگر کل پرسوں ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے وزیر بن گئے ۔ جس پر وہ کبھی ناراض نہیں ہوئے ۔ انہیں چیف منسٹ رکے سی آر پر مکمل بھروسہ ہے ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ مستقبل میں ٹی آر ایس کیڈر کی جانب سے نشاندہی کرنے والے افراد کو فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہونچایا جائے گا ۔ شہروں اور دیہی علاقوں میں پارٹی کارکنوں کی جانب سے جن کی نشاندہی کی جاتی ہے انہیں ڈبل بیڈ روم مکانات ، اراضیات اور وظیفوں کے علاوہ دوسرے فلاحی اسکیمات منظور کئے جائیں گے ۔ پارٹی کارکنوں کو اہمیت دینے کے لیے وہ بھی اسی پالیسی پر عمل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سورج چاند رہے گا تب تک ٹی آر ایس پارٹی رہے گی ۔۔