کانگریس کے نقاب میں چندرابابو نائیڈو تلنگانہ میں داخل ہونے کیلئے سرگرم ‘ ہریش راو کا الزام
حیدرآباد /9 جولائی ( سیاست نیوز ) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کانگریس کے نقاب میں چندرا بابو نائیڈو دوبارہ تلنگانہ میں داخل ہونے کی کوشش کا الزام عائد کیا اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو یقین ہے تلنگانہ کے عوام انہیں قبول نہیں کریں گے۔ اس لئے اپنے حامیوں کو پہلے کانگریس میں شامل کروایا اور پھر 2018 میں کانگریس سے اتحاد کرکے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ اس میں ناکامی کے بعد چندرا بابو نائیڈو دہلی میں چکر
چلا کر اپنے حامیوں کو کانگریس کے عہدے دلوارہے ہیں ۔ووٹ برائے نوٹ کیس کے ملزم ریونت ریڈی دراصل چندرا بابو نائیڈو کے کٹر حامیوں میں شمار ہوتا ہے جو اب تلنگانہ کانگریس کے صدر ہیں۔ ہریش راؤ سدی پیٹ کے بجنکی منڈل میں ٹی آر ایس رکن اسمبلی آر بالاکشن کے ساتھ دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی پروگرامس میں حصہ لیا ۔ امبیڈکر بھون ریتو ویدیکا کا افتتاح کیا۔ لائینس کلب سے باڈی فریزر کالاپلی گرام پنچایت کے حوالے کیا ۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس ناقابل تسخیرہے کسی میں ہمت نہیں کہ وہ ٹی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کرسکے کیونکہ چیف منسٹر عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں ۔ ترقی اور فلاحی اسکیمات سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مہیلا سمکھیا بھون ، امبیڈکر بھون ریتو بھون کا افتتاح کرکے انہیں خوشی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کلاپلی گاؤں کی ترقی کیلئے ایک کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا۔ بجینکی میں 20 کروڑ کے مصارف سے مارکٹ یارڈس ، سب مارکٹ کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا۔