ٹی آر ایس نے لوک سبھا میں دفعہ 370 برخواستگی کی تائید کی

,

   

ملک کے عوام کا دیرینہ مطالبہ، یوم سیاہ نہیں بلکہ ترقی کی نئی شمعیں روشن ہوںگی: ناما ناگیشور راؤ کی تقریر
حیدرآباد۔6 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کشمیر کی دفعہ 370 کی برخواستگی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ مرکز کے اس فیصلہ سے کشمیر میں ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ لوک سبھا میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے بل کی پیشکشی کے بعد مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ٹی آر ایس فلور لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تقسیم سے متعلق بل کی ہر کسی کو تائید کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور کی دفعہ 370 کو منسوخ کرنا باعث اطمینان ہے اور ٹی آر ایس اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد اس کی مخالفت کر رہے ہیں ، ملک کے عوام انہیں معاف نہیں کریں گے ۔ سابق میں جو غلطیاں تھیں گزر گئیں لیکن آج ان کی اصلاح کرنے ہم تمام کو اظہار یگانگت کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی موقف کی برخواستگی باعث خیرمقدم ہے۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ بعض پارٹیاں 370 کی برخواستگی کو یوم سیاہ قرار دے رہی ہیں جبکہ یہ سیاہ دن نہیں بلکہ ترقی کی نئی شمعیں روشن کرنے کے مترادف ہے۔ آئندہ پانچ برسوں میں جموں و کشمیر کو مکمل اختیارات دینے کا وزیر داخلہ نے وعدہ کیا ہے

اور انہیں یقین ہے کہ امیت شاہ اپنے وعدہ کو پورا کریں گے۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ امیت شاہ کے اعلان کا جموں و کشمیر کے عوام خیرمقدم کر رہے ہیں اور انہیں اس فیصلہ پر اطمینان ہے ۔ ٹی آر ایس نے جموں و کشمیر کی تقسیم سے متعلق بل کی مکمل تائید کا اعلان کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ کی مثال پیش کی اور کہا کہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے ۔ تقسیم کے بعد برقی اور آبپاشی کیلئے پانی کے مسائل کو حل کرلیا گیا ۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ایک چھوٹی ریاست ہونے کے باوجود کسانوں کو خوشحال رکھنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہا ہے۔ ٹی آر ایس نے کشمیر کے نوجوانوں کی زندگی کو بچانے کیلئے اس بل کی تائید کی ہے۔ کشمیر کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ٹی آر ایس پارٹی کے پیش نظر ہے۔