ٹی آر ایس و بی جے پی کے عوامی نمائندوں کی سرگرمیوں پر نظرریونت ریڈی سے ربط کی اطلاع

   

حیدرآباد9 اگست (سیاست نیوز) پردیش کانگریس صدر کی حیثیت سے ریونت ریڈی کے جائزہ لینے کے بعد ٹی آر ایس و بی جے پی نے اپنے قائدین پر نگرانی شروع کردی ہے۔ خاص طور پر ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے کیونکہ سیاسی حلقوں میں یہ اطلاعات ہیں کہ ٹی آر ایس و بی جے پی کے کئی قائدین ریونت ریڈی سے ربط میں ہیں۔ وزارت و اہم عہدوں سے محرومی پر ٹی آر ایس میں ناراضگی ہے ۔ کے سی آر نے وزارت میں ایسے قائدین کو شامل کیا جن کا تعلق اوریجنل ٹی آر ایس سے نہیں بلکہ انہوں نے تلگو دیشم و کانگریس سے استعفیٰ دیئے بغیر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ تلنگانہ تحریک کی مخالفت کرنے والوں کو کابینہ میں شامل کرنے سے ارکان اسمبلی میں ناراضگی ہے ۔ ریونت کے کانگریس صدر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سیاسی سرگرمیوں نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی قائدین ریونت ریڈی سے ربط میں ہیں اور مناسب وقت پر کانگریس میں شمولیت کا تیقن دیا ۔ ریونت ریڈی کی آمد کے بعد کانگریس میں نئی جان پیدا ہوئی اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نا انصافیوں کے شکار قائدین آئندہ انتخابات سے قبل کانگریس میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل بعض ارکان اسمبلی دوبارہ کانگریس قائدین سے ربط میں ہیں۔ ٹی آر ایس و بی جے پی نے اپنے عوامی نمائندوں کی نگرانی میں اضافہ کردیا ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ دو ماہ میں کانگریس میں کئی قائدین شمولیت اختیار کریں گے۔