ریاست کو وصول طلب فنڈز کی اجرائی اور قومی سطح پر ٹی آر ایس کی حکمت عملی تیار کی جائے گی
حیدرآباد ۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے 30 جنوری کو دوپہر ایک بجے ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ٹی آر ایس کی حکمت عملی کو طئے کریں گے۔ ٹی آر ایس قومی سطح پر اہم رول ادا کرنے کی تیاری کررہی ہے اور ساتھ ہی ریاست کو وصول طلب فنڈز کی اجرائی کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالے گی۔ دونوں لحاظ سے پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن ٹی آر ایس کیلئے اہم ہے۔ مختلف محکمہ جات سے تلنگانہ کو 60 ہزار کروڑ کی امداد کیلئے ریاستی وزراء کی جانب سے مرکز کو مکتوبات روانہ کئے گئے ہیں۔ امکان ہیکہ چیف منسٹر کی جانب سے ان امور پر رپورٹس پیش کرکے پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس کی حتجاجی مہم کو قطعیت دیں گے۔ تقسیم آندھرابل میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے ان کی تکمیل کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالا جائیگا۔ ٹی آر ایس مرکز کے خلاف سخت موقف اختیار کرکے دوسری جماعتوں کو متحد کرنے یا قومی سطح پر بی جے پی اور کانگریس کا متبادل تیار کرنے کی کوشش کریگی۔ حالیہ دنوں میں چیف منسٹر قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کمیونسٹ جماعتوں کے علاوہ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو سے ملاقات کی تھی۔ تاہم بیشتر جماعتوں نے ماضی میں ٹی آر ایس کے بی جے پی سے بالخصوص مرکزی حکومت کے تعلقات پر ٹی آر ایس سے ہاتھ ملانے میں پس و پیش کا اظہار کیا تھا۔ن