ٹی آر ایس پارٹی کی الٹی گنتی کا آغاز : ویشویشور ریڈی

   

شمس آباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار کنڈہ ویشویشور ریڈی نے مہیشورم منڈل کے مواضعات امیر پیٹ ، کلہ پڑکل ، ناگارم کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ عوام نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کی آمد سے ہی پانی کی شدید قلت ہورہی ہے ۔ کنڈہ ویشویشور ریڈی نے کہا کہ انتخابات میں ان کی کامیابی کے ساتھ ہی سب سے پہلے عوامی مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ٹی آر ایس صرف جھوٹے اعلانات کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہی تھی جس کا نتیجہ ایم ایل سی انتخابات میں انہیں حاصل ہوا اور تینوں ہی سیٹوں پر شرمناک شکست ہوئی ۔ یہاں سے ٹی آر ایس پارٹی کی الٹی گنتی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ پارلیمانی انتخابات میں ریاست میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی اور مرکز میں راہول گاندھی کی قیادت میں اقتدار حاصل کرے گی ۔ راہول گاندھی نے عوام سے جو بھی وعدے کئے اسے پورا بھی کریں گے ۔ بے روزگار نوجوانوں کو بہتر ملازمتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور ساتھ ہی تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیاجائے گا ۔ ملک میں صرف کانگریس پارٹی کے ذریعہ ہی ترقی ممکن ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ان کی کامیابی پر عوام کے تمام مسائل کو حل کریں گے ۔ جس کے لیے انہیں بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر کامیاب بنائے ۔۔