کانگریس مقابلے کیلئے تیار ، اتم کمار ریڈی کا حکمراں جماعت کو انتباہ
حیدرآباد۔ 19؍ جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس و رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ مسٹر اُتم کمار ریڈی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو ہدف ملامت بنایا ۔ اور الزام عائد کیا کہ مجوزہ بلدی انتخابات میں مقابلہ کرنے والے کانگریس امیدواروں کے افراد خاندان جو کہ سرکاری ملازمین ہیں انہیں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین ڈرا دھمکا کر انہیں خوف زدہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی آر ایس قائدین سرکاری ملازمین کو پولیس کی آڑ لیکر ڈرا دھمکا کر خوف زدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ مسٹر اُتم کمار ریڈی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین کے ان حربوں کے خلاف سخت انتباہ دیا اور کہا کہ رائے دہی کے دن از خود اُتم کمار ریڈی ) تمام حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہیں گے ۔ بلکہ کانگریس پارٹی قائدین اور کارکن بھی رائے دہی کے دن کسی بھی حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہیں گے ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین کو لوٹ مار مچانے والے چوروں کی ٹولی کے ارکان سے تعبیر کیا اور کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر ریاستی عوام سے بلدیات کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے حوالہ نہ کرنے کی پرزور اپیل کی اور کہا کہ اگر بلدیات کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے حوالہ کریں گے تو بلدیات میں ٹی آر ایس قائدین لوٹ مار مچاد یں گے ۔ اُتم کمار ریڈی ضلع سوریا پیٹ کے حضور نگر میں کانگریس پارٹی سی پی آئی ‘ سی پی آئی ایم ‘ تلگودیشم پارٹی امیدواروں کے ہمراہ ایک اجلاس منعقد کر کے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ اور مذکورہ پارٹیوں کے امیدواروں کو بلا خوف و خطر اپنی انتخابی مہم کے جاری رکھنے کا مشورہ دیا ۔ رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی جماعتیں خفیہ سازباز کرکے اپنی سیاسی چال چل رہی ہیں ۔ انہوں نے دونوں جماعتوں بی جے پی اور ٹی آر ایس میں پائے جانے والے خفیہ سازباز کا تذکرہ کرتے ہوئے یاد لایا کہ طلاق ثلاثہ بل ‘ مودی کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد ‘ صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے تائید کی تھی۔
۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی اقلیتوں کے ساتھ زبانی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خوش کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اقلیتوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کر کے زبردست دھوکہ دیا ہے ۔ جبکہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کئے ہوئے زائد از چھ سال گزر گئے لیکن 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھرراو بالکلیہ طور پر ناکام ثابت ہوئے ۔ مسٹر اُتم کمار ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی پر مسلمان ہرگز بھروسہ نہ کریں ۔ کیونکہ مسٹر چندر شیکھرراؤ ہر معاملہ میں ہر کسی کو دھوکہ دینے کے عادی ہوچکے ہیں۔لہذا ریاست میں کانگریس پارٹی کے مستحکم ہونے پر بھی مسلمانوں کے ساتھ مکمل انصاف حاصل ہونے کا یقین دیتے ہوئے ریاست میں 22 جنوری کو منعقد ہونے والے مجوزہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے منتخب کر کے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بہتر سبق سکھانے کی پرزور اپیل کی ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین پر الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین لے آوٹس اور کلکٹریٹ اراضیات معاملتوں کے ذریعہ کمائی ہوئی دولت کا بلدی انتخابات میں من مانی طور پر خرچہ کر رہے ہیں ۔