سٹی سیول کورٹ کے چیف جج و الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 3جولائی ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی سیول کورٹ کے چیف جج و اسٹیٹ الیکشن ٹریبونل کے جج نے کاچیگوڑہ ڈیویژن کے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے کارپوریٹر کو دو سے زائد بچے رکھنے کی اطلاع کو پوشیدہ رکھنے پر انہیں نااہل قرار دیتے ہوئے بی جے پی کے شکست خوردہ کارپوریٹر کو اُس عہدہ پر مقرر کرنے کا حکم دیا ۔ تفصیلات کے مطابق کاچیگوڑہ وارڈ 80کے ٹی آر ایس کارپوریٹر اے چیتنیہ کنا 2016ء میں جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیاب ہوئی تھی لیکن انتخابات کے فوری بعد ان کے ہاتھوں شکست ہونے والی بی جے پی کی امیدوار کے اُوما رانی نے الیکشن ٹریبونل سے رجوع ہوکر یہ دعویٰ کیا تھا کہ چیتنیہ کو دو سے زائد بچے ہیں اور انہوں نے یہ بات پوشیدہ رکھا اور اپنے حلف نامہ میں اس کا تذکرہ نہیں کیا ۔ چیف جج و الیکشن ٹریبونل کے جج نے گذشتہ تین سال سے کیس کی سماعت کے بعد حالیہ دنوں اوما رانی کو اُن کی حریف کے خلاف دو سے زائد بچے ہونے کے شواہد پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس پر اوما رانی کے وکیل جے پربھاکر نے عدالت میں ایسے دستاویزات پیش کئے جس سے یہ واضح ہوتاہے کہ ٹی آر ایس کارپوریٹر دو سے زائد بچوں کی ماں ہیں ۔ عدالت نے دونوں فریقین کی بحث اور جرح کے بعد آج اپنا فیصلہ کھلی عدالت میں سناتے ہوئے ٹی آر ایس کارپوریٹر نااہل قرار دیا اور بی جے پی کی شکست خوردہ امیدوارہ کے اوما رانی کو اس عہدہ پر فائز ہونے کا حکم دیا ۔
