ٹی آر ایس کا آپریشن آکرش ، لوک سبھا انتخابات سے قبل نئی حکمت عملی

   

مجلس ایک اور ٹی آر ایس کو 16 نشستوں پر کامیاب بنانے کی مساعی
حیدرآباد۔25جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی ملک میں عام انتخابات کے اعلامیہ سے قبل ریاست میں آپریشن آکرش کو تیز کرتے ہوئے ریاست میں تمام نشستوں پر اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کرچکی ہے اور ریاست کے 17 حلقہ جات لوک سبھا میں 16پر تلنگانہ راشٹر سمیتی اور 1نشست پر مجلس کی کامیابی کی حکمت عملی کے طور پر کانگریس اور تلگودیشم پارٹی قائدین کو تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہا ہے کہ بہت جلد کانگریس اور تلگودیشم کے جملہ 8 ارکان اسمبلی تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں جس میں 2 تلگو دیشم ارکان اسمبلی وینکٹ ویریا اور ایم ناگیشور راؤ کی ٹی آر ایس میں شمولیت کو کے سی آر نے گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کانگریس کے سرکردہ قائدین مسٹر جانا ریڈی ‘ مسز پی سبیتا اندرا ریڈی ‘ کے علاوہ سرسلہ سے مسٹر کے ٹی راما راؤ کے خلاف انتخابات میں حصہ لینے والے کانگریس کے امیدوار کے مہیندر ریڈی اور دیگر تلنگانہ راشٹر سمیتی کی قیادت سے رابطہ میں ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ مسز پی سبیتا اندرا ریڈی ان کے فرزند کارتیک ریڈی کو حلقہ پارلیمان چیوڑلہ سے ٹی آر ایس امیدوار بنائے جانے کی صورت میں وفاداریاں تبدیل کرنے تیار ہیں اور ان کا کہناہے کہ حالیہ عرصہ میں مسٹر کونڈہ ویشویشور ریڈی رکن پارلیمنٹ کی کانگریس میں شمولیت کے بعد ٹی آر ایس کو حلقہ پارلیمان چیوڑلہ سے مضبوط امیدوار کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ مسٹر کے جانا ریڈی سابق وزیر داخلہ بھی اپنے بیٹے کے سیاسی مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے کانگریس سے دوری اختیار کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے تیار ہیں۔کانگریس کے جو ارکان اسمبلی تلنگانہ راشٹر سمیتی سے رابطہ میں ہیں وہ بھی اپنے سیاسی مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے تیار ہے۔تلنگانہ راشٹر سمیتی ذرائع کے مطابق ٹی آر ایس سربراہ نے ماہ فروری کے دوران آپریشن آکرش کو مکمل کرلینے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ریاست میں دیگر سیاسی جماعتوں کو کمزور کرنے کا عمل مکمل کرلیا جائے تاکہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات کے دوران تلنگانہ راشٹر سمیتی کو سخت مقابلہ درپیش نہ ہو۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے والے مسٹر وی پرتاپ ریڈی کو تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شامل کرتے ہوئے ریاست میں آپریشن آکرش کی شروعات کی جاچکی ہے۔