100 سے زائد نشستوں پر کامیابی یقینی، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد : صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے جاری کردہ انتخابی منشور کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کا انتخابی منشور ترقی اور فلاح و بہبود پر مبنی ہے۔ سماج کے ہر طبقہ کے لئے چیف منسٹر نے مختلف رعایتوں کا اعلان کیا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ غریبوں کو پانی کی مفت سربراہی کے علاوہ دھوبی ، حجام اور لانڈریز کو مفت برقی کی سربراہی کا وعدہ ٹی آر ایس کی غریبوں سے ہمدردی کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کوئی بھی ریاست تلنگانہ کی اسکیمات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ محمد سلیم نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں ٹی آر ایس دور حکومت کے ترقیاتی اقدامات مثالی ہیں اور ترقی کی بنیاد پر انتخابی میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی بڑھتی مقبولیت سے بی جے پی خوفزدہ ہے اور چیف منسٹر کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔