بوتھ واری سطح پر کمیٹیوں کی عنقریب تشکیل ، پی راجیشور ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کو تاحال رکنیت سازی مہم کے ذریعہ 15کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے بہت جلد بوتھ واری اساس پر کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ رکن قانون ساز کونسل مسٹر پی راجیشور ریڈی نے پارٹی رکنیت سازی کے نگران قائدین کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ اب تک ہونے والی رکنیت سازی مہم کے دوران سب سے زیادہ رکنیت سازی حلقہ اسمبلی گجویل میں ہوئی ہے جہاں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اراکین کی تعداد 70ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ دنوں میں رکنیت سازی کا سلسلہ جاری رہے گا اور اگسٹ کے پہلے ہفتہ میں تنظیمی امور کو قطعیت دی جائے گی۔ مسٹر پی راجیشور ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی رکنیت سازی مہم کو زبردست عوامی حمایت حاصل ہورہی ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لئے اب تلنگانہ میں کوئی جگہ باقی نہیں رہی کیونکہ عوام جوق در جوق تلنگانہ راشٹر سمیتی کی رکنیت حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی رکنیت حاصل کرنے والوں کو فراہم کی جانے والی انشورنس اسکیم پر یکم اگسٹ سے عمل آوری یقینی بنائی جائے گی۔