حیدرآباد27 جنوری (پی ٹی آئی ) برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے شہری مجالس مقامی کے انتخابات میں کامیابی کے بعد اب زائد از 100 بلدیات میں مئیر یا صدر نشین کا عہدہ حاصل کرلیا ہے ۔ ریاست میں 120 بلدیات کیلئے رائے دہی ہوئی تھی ۔ آج مئیر یا بلدیات کے صدور نشین و نائب صدور نشین کے انتخاب کا عمل مکمل ہوا اور اس موقع پر برسر اقتدار ٹی آر ایس اور کانگریس کے مابین لفظی تکرار بھی شروع ہوگئی جبکہ دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر غیر اخلاقی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے یہ عہدے ہتھیانے کا الزام عائد کیا ہے ۔ ٹی آر ایس کو زائد از 100 مجالس مقامی پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ کانگریس کو صرف چار میں کامیابی ملی ہے ۔ مجلس اور بی جے پی کو دو دو جگہ یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ آج رات تک موصولہ اطلاعات میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راو نے انتخابات میں زبردست کامیابی سے ہمکنار کرنے پر عوام سے اظہار تشکر بھی کیا ہے ۔