ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی غلطی پر توبہ

   

ایک ملازم نے غلطی کے اعتراف کے ساتھ زمین پر ناک رگڑ کر دکھایا
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی ) کے ملازمین کی یونین کی ہڑتال آج 25 ویں دن میں داخل ہوگئی۔ اس موقع پر 40,000 ملازمین کو برطرف کرنے حکومت کی کوششوں کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہڑتالی ورکرس نے کے چندر شیکھر راؤ حکومت کے حق میں اپنا ووٹ دیتے ہوئے اس حکومت کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کی غلطی کا اعتراف کیا اور احتجاج کے طور پر زمین پر ناک رگڑ کر دکھایا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ آر ٹی سی کے 48,000 ہڑتالی ملازمین کے ساتھ اب بات چیت کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ایک ہڑتالی ملازم نے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے پر توبہ کرتے ہوئے زمین پر اپنی ناک رگڑ کر دکھایا اور کہا کہ’’ ہر کوئی جس نے ٹی آر ایس کو ووٹ دیا ہے وہ ایسا ہی کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔‘‘

آر ٹی سی ملازمین کی مدد کیلئے چناجیئر سوامی سے ملاقات ، مدد کی درخواست
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین نے چہارشنبہ کو شہر کے مضافات میں واقع چنا جیئر سوامی کے آشرم پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ راجندر نگر اور پڑوسی ڈپو کے ورکرس نے سوامی سے درخواست کی کہ وہ ریاستی حکومت کو ان کے مطالبات قبول کرنے کی ترغیب دیں۔