حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ حضورآباد اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب ٹی آر ایس کیلئے چھوٹی بات ہے۔ کامیابی سے مرکز میں ٹی آر ایس کی حکومت قائم نہیں ہوگی اور نہ ہی شکست سے تلنگانہ میں اقتدار سے محروم ہوگی۔ ٹی آر ایس عاملہ کے اجلاس میں حضورآباد کے ضمنی انتخابات میں کوئی غور و خوض نہیں کیا گیا کیونکہ ٹی آر ایس کیلئے انتخابات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اپنی تشکیل کے 20 سال کے دوران ٹی آر ایس نے کئی انتخابات کا سامنا کیا اور کئی تاریخی کامیابیاں بھی درج کی ہیں۔ ٹی آر ایس عاملہ اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے بتایا کہ آئندہ ماہ ستمبر میں دیہاتوں، منڈل اور ضلع کے علاوہ ریاستی سطح کی نئی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ اکٹوبر یا نومبر میں پارٹی کا 20 سالہ پلینری سیشن بڑے پیمانے پر منایا جائے گا۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرنے والی قومی جماعتوں بی جے پی اور کانگریس کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے زیر اقتدار والی ریاستوں میں دلت بندھو اور بی سی بندھو اسکیم پر عمل کرکے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے 70 سال تک حکمرانی کرنے والی جماعتوں نے غربت کا خاتمہ کرنے کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے۔ اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں اور الزامات پر ٹی آر ایس حکومت توجہ نہیں دے گی بلکہ اپنی منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہنانے کو ترجیح دے گی۔ N