ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کیلئے امتحانات ملتوی کرنے پر تنقید

   

سیاسی فائدہ کیلئے طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ: محمد علی شبیر
حیدرآباد ۔ 3۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد محمد علی شبیر نے ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کیلئے طلبہ کے امتحانات ملتوی کرنے پر سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سیاسی فائدہ کیلئے طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ ظہیر آباد لوک سبھا حلقہ میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کے لئے جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے اسکولوں کو چھٹی دی گئی اور امتحانات ملتوی کردیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کئی مہینوں سے امتحانات کی تیاری کرتے ہیں لیکن اچانک امتحانات کے التواء سے انہیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ جلسہ عام کیلئے اسکول بسوں کا استعمال کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے بارہا نمائندگی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور اس کی قیادت کو محض سیاسی مقصد براری کی فکر ہے۔ اسے طلبہ کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں۔ انتخابات میں دولت ، طاقت کے استعمال اور بے قاعدگیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا ٹی آر ایس کے لئے عام بات ہوچکی ہے۔ انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ کے سی آر کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ٹی آر ایس کی بے قاعدگیوں کے بارے میں دستاویزی ثبوت کے ساتھ نمائندگی کی گئی تھی لیکن چیف الیکٹورل آفیسر کا رویہ جانبدارانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔