ٹی آر ایس کی تائید کے بجائے پرانے شہر کے عوام کی صحت کی فکر کریں

,

   

اسد اویسی کو ہنمنت راؤ کا مشورہ، وبائی امراض سے ہزاروں خاندان پریشان، حکومت بے حس
عثمانیہ اور فیور ہاسپٹل کا کانگریسی قائد نے دورہ کیا

حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا اور سینئر کانگریسی قائد وی ہنمنت راؤ نے مجلس کے صدر اسد اویسی کو مشورہ دیا کہ وہ صرف ٹی آر ایس کی تائید کے بجائے پرانے شہر کے عوام کی صحت کی فکر کریں جنہوں نے آپ کو منتخب کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے آج فیور ہاسپٹل اور عثمانیہ ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے وبائی امراض سے متاثرہ مریضوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا اور کہا کہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی کمی کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ہنمنت راؤ کے فیور ہاسپٹل کے دورہ کے موقع پر وزیر صحت ایٹالہ راجندر بھی وہاں پہنچ گئے۔ ہنمنت راؤ نے انہیں طبی سہولتوں کی کمی سے واقف کروایا اور ڈاکٹرس کے علاوہ نرسیس کی تعداد میں اضافہ کا مشورہ دیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ دونوں دواخانوں میں پرانے شہر کے علاوہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیور ہاسپٹل میں دو تا تین ہزار مریض وبائی امراض کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسد اویسی حکومت کی تائید کررہے ہیں جبکہ پرانے شہر کے عوام وبائی امراض سے پریشان ہیں۔ انہیں چاہیئے کہ صرف تائید کرنے کے بجائے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر اور ڈاکٹرس اور نرسیس کی تعداد میں اضافہ کیلئے حکومت سے نمائندگی کی جائے صرف کے سی آر کی تائید کرنے سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہاسپٹلس میں پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے کئی مریضوں نے انہیں بتایا کہ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے ان کی بستیوں کا دورہ تک نہیں کیا جہاں مچھروں کی کثرت بیماریوں میں اضافہ کا اہم سبب بن چکی ہے۔ ہنمنت راؤ نے اسد اویسی سے مطالبہ کیا کہ وہ عثمانیہ اور فیور ہاسپٹل کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال بارش کے ساتھ ہی موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں وبائی امراض پھوٹ پڑتے ہیں جس کی اہم وجہ مچھروں کی کثرت ہے۔ سابق میں مجلس بلدیہ کی جانب سے مچھروں کے خاتمہ کیلئے ادویات کا چھڑکاؤ کیا جاتا رہا لیکن یہ سلسلہ بند ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیور ہاسپٹل میں گاندھی ہاسپٹل کے 54 نرسیس کی خدمات عارضی طور پر حاصل کی گئی ہیں جبکہ آؤٹ سورسینگ اسٹاف کو تین ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔ 50 مریضوں پر مشتمل وارڈ میں دو نرس اور ایک ہیڈ نرس کے علاوہ کوئی نہیں ہے۔ کے سی آر حکومت وبائی امراض کے سلسلہ میں خواب غفلت کا شکار ہے اور سب کچھ ٹھیک ہے کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔ گزشتہ چار برسوں میں عثمانیہ ہاسپٹل کی ترقی کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھائے گئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کی توجہ صرف کالیشورم پراجکٹ پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی نامزد کردی نئی گورنر ڈاکٹر ہیں اور وہ اپیل کرتے ہیںکہ جائزہ لیتے ہی وہ گاندھی ، عثمانیہ اور فیور ہاسپٹلس کا دورہ کریں تاکہ غریبوں کیلئے طبی سہولتوں میں بہتری ہو۔