ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم،آج تلنگانہ بھون میں اجلاس

   

Ferty9 Clinic

ہر حلقہ اسمبلی میں 50 ہزارافراد کو رکن بنانے کی حکمت عملی، کے ٹی راما راؤ کا بیان

حیدرآباد۔26جون(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کی رکنیت سازی مہم کے سلسلہ میں 27جون کو تلنگانہ بھون میں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر صدارت پارٹی کے منتخبہ عوامی نمائندوںاور سرکردہ قائدین کا اجلاس منعقد ہوگا اور اجلاس کے دوران ارکان پارلیمان‘ اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے علاوہ ضلعی صدور کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کی تنظیمی امور کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے پارٹی کی جانب سے کی جانے والی منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ پارٹی نے 15روزہ رکنیت سازی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہ اور ان 15یوم کے دوران ہرحلقہ اسمبلی میں 50ہزار افراد کو رکن بنانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ کارگذار صدر ٹی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی کے سرکردہ قائدین سے بات چیت کے دوران بتایا کہ 27 جون سے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے لئے رسید بکس پارٹی قائدین کے حوالہ کئے جائیں گے اور انہیں 15یوم کے دوران گھر گھر پہنچ کررکنیت سازی مہم چلانے کی حکمت عملی سے واقف کروایاجائے گا تاکہ پارٹی کو عوام کے درمیان پہنچنے میں کوئی دقت نہ ہو۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی تلنگانہ راشٹر سمیتی نے پارٹی قیادت اور عوام کے درمیان موجود فاصلہ کو کم کرنے اور راست عوام اور پارٹی قیادت کے درمیان رابطہ کو بہتر و مستحکم بنانے کے اقدامات کرنے کے فیصلہ کیا ہے۔تلنگانہ بھون میں منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران پارٹی کے استحکام اور عوام کو پارٹی سے جوڑنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور پارٹی کے سینیئر قائدین سے مشاورت کے بعد تنظیمی امور کو مستحکم بنانے کیلئے ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ ضلعی سطح پر رکنیت سازی سے قبل اڈہاک کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور رکنیت سازی مہم کے بعد پارٹی کے تنظیمی امور کے نگران اور ضلعی انچارجس سے مشاورت کے بعد قطعی کمیٹیوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ہر اسمبلی حلقہ میں رکنیت سازی مہم کے علحدہ علحدہ انچارجس کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران پارٹی قائدین کو رکنیت سازی کے امور اور فوائد سے واقف کروایا جائے گا اور ساتھ ہی اندرون 15یوم رکنیت سا زی مہم کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں اختیار کردہ حکمت عملی پر بھی تفصیلی تربیت فراہم کی جائے گی۔