ٹی آر ایس کی صدارت کیلئے کے سی آر کے حق میں پرچہ نامزدگی

   

15 مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کی تائید حاصل،صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم شامل
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف کارپوریشنوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 15 صدور نشین نے ٹی آر ایس کے صدارتی انتخابات میں کے چندر شیکھر راؤ کے حق میں پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ صدور نشین نے ریٹرننگ آفیسر سرینواس ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کے حق میں پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ صدارت کیلئے ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین کی جانب سے پہلے ہی پرچہ نامزدگی داخل کیا جاچکاہے۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، صدر نشین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری یوسف زاہد کے علاوہ باجی ریڈی گوردھن، بالا ملو اور دیگر صدور نشین کی جانب سے کے سی آر کے حق میں پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا۔ بعد میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی۔ انہوں نے کے ٹی آر کو وقف بورڈ کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ محمد سلیم نے کہا کہ صدارتی انتخابات کے مرحلہ اور پلینری کے بعد وہ حضورآباد کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں بی جے پی لاکھ کوشش کرلے لیکن ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ تمام طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کے سی آر حکومت کام کررہی ہے اور ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے تلنگانہ کی اسکیمات مثالی ہیں۔ر