ٹی آر ایس کی عوام کے دلوں پر حکمرانی ہے

   

Ferty9 Clinic

یہ تلنگانہ ہے ،کرناٹک نہیں
ٹی آر ایس کی عوام کے دلوں پر حکمرانی ہے
ریاست میں بی جے پی کے کھیل بے اثر ہوگا، جے پی نڈا کے بیان پر کے ٹی آر کا ریمارک

حیدرآباد۔19اگسٹ(سیا ست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی یہ یاد رکھے کہ ریاست تلنگانہ ‘ کرناٹک نہیں ہے جو یہاں بی جے پی کے کھیل کے اثر ہونگے ۔ تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت حالات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ریاست میں مستحکم حکومت موجود ہے اور عوام حکومت کے ساتھ ہیں۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ٹی راما راؤ نے بی جے پی ایگزیکیٹیوصدر جے پی نڈا کے حیدرآباد میں پروگرام میں کی گئی تقریر کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہو ںنے کہا ریاستی حکومت عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہی ہے ۔ کے ٹی آر نے نڈا سے استفسار کیا کہ وہ عوام کو واقف کروائیں کہ کتنی بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں بلا وقفہ برقی سربراہ کی جا رہی ہے اور کتنی ریاستوں میں تلنگانہ حکومت کی طرح فلاحی اسکیمات چلائی جا رہی ہیں!کارگذار صدر ٹی آر ایس نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کی جو فلاحی اسکیمات تیار کی جا رہی ہیں ان کا خود مرکزی حکومت خیر مقدم کر رہی ہے اور ان اسکیمات کو قومی سطح پر روبعل لانے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو کہ تلنگانہ راشٹرسمیتی کی اسکیمات کی نقل ہیں۔ انہو ںنے جے پی نڈا کو مشورہ دیا کہ وہ ٹی آر ایس پر تنقید کے بجائے ریاست کے عوام کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے منصوبہ سے واقف کروائیں تاکہ عوام کو بھی یہ جاننے کا موقع ملے کہ بی جے پی انہیں کس طرح کی فلاحی حکمرانی فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہوگی اور نہ تلنگانہ راشٹرسمیتی کا کوئی سرکردہ لیڈر پارٹی میں شمولیت اختیار کرے گا کیونکہ تلنگانہ عوام کو اس بات کا مکمل اندازہ ہے کہ ریاست کی ترقی کس کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مودی حکومت گذشتہ پانچ برسوں کاکوئی ایسا ریکارڈ پیش نہیں کرسکتی جس کے ذریعہ شہر میں مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہے جو تلنگانہ کے عوام کے سامنے پیش کرسکے ۔ انہوںنے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ گذشتہ 5برسوں میں تلنگانہ کیلئے مودی حکومت نے کونسا کارنامہ انجام دیا ہے جس کے سبب بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے یہ کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی ہوگی ‘ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو عوام کی حمایت حاصل ہونے کا سوال ہی نہیں ہے عام انتخابات میں حاصل ہونے والی کامیابی قومی سطح پر لہر کا نتیجہ ہے اس بات کو ذہن میں رکھنا چاہئے ۔