ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی بی جے پی سے ربط میں بنڈارودتاتریہ کا سنسنی خیز انکشاف

   

حیدرآباد۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ ٹی آر ایس کے بعض ارکان اسمبلی بی جے پی سے ربط میں ہیں اور وہ پارٹی میں شمولیت کے لئے تیار ہیں۔ کھمم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دتاتریہ نے کہا کہ کئی اہم قائدین بی جے پی میں شمولیت کے لئے پر تول رہے ہیں، ان میں ٹی آر ایس کے بعض ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں۔ تاہم انہوں نے ناموں کے انکشاف سے گریز کیا اور کہا کہ وقت آنے پر عوام کو پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی کے مضبوط موقف کو دیکھتے ہوئے مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین بی جے پی کا رخ کر رہے ہیں ۔ انہیں یقین ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی دن بہ دن قائدین سے محروم ہورہی ہے۔ اس کے قائدین دیگر پارٹیوں کا رخ کر رہے ہیں۔ کانگریس کبھی بھی ٹی آر ایس کا متبادل نہیں بن سکتی۔ تلنگانہ میں آئندہ حکومت بی جے پی کی ہوگی۔