ٹی آر ایس کے اقتدار میں دیہاتوں اور شہروںمیں معیاری ترقی

   

اندرون ہفتہ ٹیلرنگ مرکز کے قیام کا تیقن، محبوب نگر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر ۔ دیہاتوں اور شہروں کو بہتر ترقی دینے کے لئے منصوبہ بندی کرتے ہوئے ’’دیہی و شہری ترقیاتی پروگرام‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ وضاحت ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ ے آج دوپہر محبوب نگر کے بلدی حلقہ پریم نگر میں چوتھے مرحلہ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے عوامی نمائندوں کے ہمراہ وارڈ کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر وارڈ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے اقتدار میں دیہی و شہری ترقی کا معیار کیا ہے۔ آپ خود اندازہ لگاسکتے ہیں۔ محبوب نگر کے عوام کے پینے کے پانی کا مسئلہ مشن بھگیرتا کے ذریعہ حل کیا گیا ہے۔ مستقر محبوب نگر کے بلدی علاقوں میں 300 کروڑ کے ترقیاتی کام جیسے سڑک کی توسیع، ڈرین وغیرہ مکمل کئے جارہے ہیں۔ 100 کروڑ کے صرفہ سے بڑے تالاب کو خوبصورت منی ٹینک بینڈ میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ 200 کروڑ کے صرفہ سے قومی شاہراہوں کی توسیع کی جارہی ہے۔ اپنا پلی کا دوسرا ریلوے برج بھی اندرون دو ماہ تکمیل کرلیا جائے گا۔ پریم نگر حلقہ میں اسکول کی مرمت کا کام بھی بہت جلد پورا کرلیا جائے گا۔ پنشن کے مستحق افراد کو پنشن جاری کئے جائیں گے۔ وارڈ خواتین کے مطالبہ پر انہوں نے اندرون اییک ہفتہ ٹیلرنگ مرکز کے قیام کا یقین دیا جہاں ایمبرائیڈری مشینوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ تمام طبقات کے خواتین و طالبات یہاں استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ، ایڈیشنل کلکٹر تیجس نندلال نے بھی مخاطب کیا۔ پروگرام میں میونسپل چیرمین نرسمہلو، مارکٹ کمیٹی وائس چیرمین گریدھر ریڈی، موڈاپرمن گجنی وینکنا، مقامی کونسلر کشور، ٹرانسکولس ای مورتی، میونسپل کمشنر پردیپ کمار کے علاوہ عوامی نمائندے و عہدیدار موجود تھے۔