ٹی آر ایس کے دو سابق ڈپٹی چیف منسٹرس میں سردجنگ

   

اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور میں سیاسی گرفت مضبوط کرنے دونوں قائدین سرگرم

حیدرآباد : ٹی آر ایس میں بھی گروپ بندیاں اور قائدین کے درمیان نظریاتی اختلافات عام ہونے لگے ہیں ۔ دونوں سابق ڈپٹی چیف منسٹرس کے درمیان برسوں سے جاری سردجنگ اب کھل کر منظر عام پر آگئی ہے ۔ سب سے زیادہ اس کا اثر ضلع ورنگل میں نظر آرہا ہے ۔ کبڈی مقابلوں کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے راجیا کو کھوٹا سکہ قرار دیتے ہوئے عہدے اور کام فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ان ریمارکس پر دونوں قائدین کے حامیوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی حالت کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کو مداخلت کرنا پڑا ۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو مقامی رکن اسمبلی راجیا نے نظرانداز کردیا ہے ۔ یہاں تک کہ وہ عہدے اور کام دونوں فروخت کررہے ہں ۔ ضلعی سطح کا کبڈی مقابلہ ہورہا ہے ۔ مقامی رکن اسمبلی نے مقابلے کے انعقاد کیلئے 50 ہزار روپئے کی بھی مدد نہیں کی ہے ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا نے ان پر کڈیم سری ہری کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور اور ضلع جنگاؤں میں ان کی عوامی مقبولیت سے کڈیم سری ہری بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کڈیم سری ہری ہمیشہ ان پر تنقید کرتے رہتے ہیں ، تاہم اس مرتبہ پارٹی قیادت ان کے خلاف کڈیم سری ہری کی جانب سے کئے گئے ریمارکس کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔