45 سال عمر مکمل کرنے والے تمام شہریوں کو بلاخوف و جھجک ٹیکہ لینے کا مشورہ
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے دوباک کے سرکاری ہاسپٹلس میں کورونا کا ٹیکہ لیا اور 45 سال عمر مکمل کرنے والے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بلا جھجک ٹیکہ لیں اور کورونا کی لڑائی میں حکومت سے تعاون کریں ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ ٹیکہ لینے کے بعد ان کی صحت پوری طرح ٹھیک ہے ۔ عوام کو شک و شبہات میں مبتلا رہنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بلکہ تلنگانہ کے عوام کو فخر کرنے کی ضرورت ہے ۔ شہر حیدرآباد کورونا ٹیکہ کی تیاری میں عالمی مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ حیدرآباد میں تیار ہونے والا ٹیکہ ہندوستان کے علاوہ 58 سے زائد ممالک کو پہونچ رہا ہے ۔ یہاں تک کہ غریب ممالک کو مفت ٹیکہ فراہم کیا جارہا ہے ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ ریاست میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے کورونا پر قابو پانے کے لیے تمام احتیاطی اقدامات ہے ۔ کورونا سے لڑی جانے والی جنگ میں ٹیکہ ہی بہت بڑا ہتھیار ہے ۔ عوام کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اگر کسی کام سے باہر نکل رہے ہیں تو ماسک کا لازمی طور پر استعمال کریں ۔ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں جانے سے احتیاط کریں اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں ۔۔